نئی دہلی،27نومبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سپریم کورٹ نے پیر کو مرکز سے اس درخواست پر جواب طلب کیا ہے جس میں انسداد بدعنوانی ایکٹ کی ایک شق کی آئینی اورقانونی حیثیت کو چیلنج کیا گیا ہے۔انسداد عنوانی قانون کی دفعہ 17اے کے تحت بدعنوانی کے معاملے میں کسی بھی سرکاری ملازم کے خلاف تحقیقات شروع کرنے سے پہلے بنیادی طور پر منظوری لینی ہوتی ہے۔چیف جسٹس رنجن گوگوئی اور جسٹس اجے رستوگی کی بنچ نے مذکورہ قانون کی نظر ثانی دفعہ 17اے کی قانونی حیثیت کے خلاف غیر سرکاری تنظیم سینٹر فار پبلک انٹریسٹ لٹگیشن (سی پی آئی ایل)کی پٹیشن پر مرکز کو نوٹس جاری کرکے اس جواب مانگاہے۔تنظیم کی جانب سے پیش وکیل پرشانت بھوشن نے کہا کہ نظر ثانی شق کے تحت سرکاری ملازمین کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات میں تحقیقات شروع کرنے سے پہلے ان کے آجر اتھارٹی کی منظوری لینی لازمی ہے۔بنچ نے کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ آپ سنے جانے کے مستحق ہیں اور اس لئے ہم نے نوٹس جاری کیا ہے۔